مرتضیٰ وہاب کے ایڈمنسٹریٹر تعینات ہوتے ہی پی پی کارکنان کی کار سرکار میں‌ مداخلت

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے ایڈمنسٹریٹر تعینات ہوتے ہی پی پی جیالے آپے سے باہر ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے ایڈمنسٹریٹر تعینات ہونے کے بعد ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 19 میں ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کرنے پہنچے۔

پاکستان پیپلزپارٹی ضلع وسطی کے عہدیدار اور جیالے آپے سے باہر ہوئے اور انہوں نے بلدیاتی افسران سے بدتمیزی کرتے ہوئے کارِ سرکار میں مداخلت کی۔

پیپلزپارٹی ضلع وسطی کے صدر ظفر صدیقی نے بلدیہ عظمیٰ وسطی کے ڈائریکٹر اختر رضا سے تلخ کلامی کی اور کہا کہ ’ پیپلزپارٹی کا دور شروع ہوگیا ہے، اب ایم کیو ایم سے باہر آجاؤ‘۔ اس پر ظفر صدیقی نے کہا کہ ’میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے یہاں موجود ہوں‘۔

پی پی کے عہدیدار نے بلدیاتی افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مرتضی وہاب افتتاح کرنے آئے تو پیپلزپارٹی کو آگاہ کیوں نہیں کیا ؟

پیپلزپارٹی کے عہدیدار کی بدتمیزی کے بعد ڈائریکٹر بلدیہ وسطی نے احتجاجا ویکسینیشن سینٹر کا چارج چھوڑا اور شکایت لے کر ڈپٹی کمشنر کے دفتر روانہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس طرح عملے کے سامنے بدتمیزی برداشت نہیں کی جاسکتی، سرکاری امور میں سیاسی مداخلت اور عزت نفس مجروح کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے‘۔