کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کی ہے، یہ سیاسی تنہائی کا شکار ہیں، ماضی کی بات کی تو ان کی نیندیں حرام ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بوری بند لاشیں، بھتہ خوری اور ظلم و ستم کے دن کراچی والے بھولے نہیں ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ پی پی عوام سے مخلص اور ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے، سندھ حکومت جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں کئی جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، بعض ملزمان پولیس مقابلوں میں بھی مارے گئے، لوٹ مار کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ کشمور سے کراچی تک جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز کچے کے ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں نفرت کی سیاست کرنے والے صرف اپنی سیاست چمکا رہے ہیں، ڈھنڈورا پیٹنے والے عوام سے مخلص نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں بے امنی پر وفاق سے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔
ایم کیو ایم رہنما نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ہم جنازے اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں۔ شہر میں ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ لمحہ فکریہ ہے کہ ہم کس طرح کے ماحول میں رہ رہے ہیں۔
علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کا مسئلہ ایم کیو ایم کا مسئلہ نہیں ہے۔ شرم آنی چاہیئے ان وزیروں کو جو کہتے ہیں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ جو لوگ مرے ہیں ان کے اہلخانہ سے پوچھا جائے ان پر کیا گزر رہی ہے۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھرپور آواز اٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وفاقی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے۔ کیا وہ مزید لاشیں گرنے کا انتظار کررہی ہے پھر سنجیدگی کا مظاہرہ اور مداخلت کرے گی۔ سڑکوں پر احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔