اسلام آباد : وفاقی وزیر مصدق ملک نے مون سون کے آخری اسپیل سے خبردار کرتے ہوئے کہا پوری کوشش ہےکہ آخری اسپیل میں کم سے کم نقصان ہو۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے توانائی مصدق ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ ستمبر کے ابتدائی دس دنوں میں مون سون کا آخری اسپیل متوقع ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اس دوران کم سے کم نقصان ہو۔
وفاقی وزیر برائے توانائی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام چیف سیکریٹریز کو ہدایت جاری کردی ہیں کہ بارشوں اور طغیانی سے نمٹنے کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ کہ اس وقت مشرقی دریاؤں، خصوصاً ستلج، راوی اور چناب میں طغیانی ہے جس سے کئی علاقے متاثر ہورہے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ حکومت صرف صورتحال کا جائزہ نہیں لے رہی بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی علاقے میں بڑا نقصان نہ ہو، وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ یہ قومی ذمہ داری ہے اور کوئی یہ نہ کہے کہ یہ صوبے یا تحصیل کا معاملہ ہے۔ "تحصیل اور ضلع سے لے کر پورے صوبے کی ذمہ داری ہماری ہے،”۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے حکم پر انہوں نے کراچی کا دورہ کیا جہاں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے انہیں نالوں میں طغیانی کی صورتحال اور پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کرایا۔ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ تمام ادارے مل کر کراچی کے مسائل حل کریں اور نالوں کی صفائی اور ڈرینیج سے متعلقہ اقدامات فوری طور پر شروع کئے جائیں۔
مزید برآں، وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام شہروں اور علاقوں میں آئندہ سال کے مون سون کے لئے بھی پہلے سے تیاری کی جائے گی تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے