پاکستان کے سابق اسپنر اور بنگلہ دیش کے موجودہ بولنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسپن بولنگ کوچ کی ضرورت ہے۔
1992 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر مشتاق احمد جو قومی ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حریف ٹیم بنگلہ دیش کے اسپن بولنگ کوچ کی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت اسپن بولنگ کوچ کی ضرورت ہے اور پی سی بی اس بارے ضرور سوچے گا۔
انہوں نے ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں اسپنرز کا اہم کردار ہوتا ہے، انہیں میچ میں بیک کرنا چاہیے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ راولپنڈی جا کر اندازہ ہوگا کہ کیا کنڈیشنز ہیں اس کے بعد ہی ٹیم کمبی نیشن بنائیں گے۔ اگر کنڈیشن فاسٹ بولرز کے لیے ہوئیں تو ہمارے پاس بھی کافی اچھے پلیئرز ہیں۔
سابق قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے حالات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیشی ٹیم کو جلد آمد کی دعوت دی جو اچھے تعلق کی نشانی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ اسپنرز کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی ہے جس پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔