لاہور: سینئر سیاست دان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جمہوری عمل کی فتح قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر سیاست دان مصطفیٰ نوازکھوکھر نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوری عمل کی فتح ہے، سپریم کورٹ نے آئینی پیچیدگی کو حائل کیا ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ فیصلے سے شاید حکومت کو فرق نہ پڑے لیکن یہ پی ٹی آئی کی جیت ہے۔
سینئرسیاست دان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کے پی سینیٹ الیکشن پر اثر انداز ہوگا، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو پہلے مل جاتیں تو پنجاب میں بھی صورتحال مختلف ہوتی۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیتے ہوئے مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو دینے کا فیصلہ غیرقانونی قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے مخصوص سیٹوں کا فیصلہ آٹھ پانچ سے سنایا، اطلاق قومی اسمبلی اورتمام صوبائی اسمبلیوں پر ہوگا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف تھا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی اور رہے گی، انتخابی نشان کسی سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا۔
الیکشن کمیشن نے اسی ارکان اسمبلی کی فہرست پیش کی، جس میں سے انتالیس ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا، پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کیلئے درخواستیں الیکشن کمیشن کو پندرہ دن میں جمع کرائے۔