اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کے علاج کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ قائم کیا جائے، حکام کو پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پمز میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں سنجیدہ مسائل کی نشاندہی کی ہے، پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کا مطالبہ سرکاری ڈاکٹرز کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی شریانوں میں خون جم جانے کو خطرناک قرار دیا ہے، پارٹی کے اطمینان کے لیے پرائیویٹ ڈاکٹرز و معاونین کا بورڈ بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کے ہاتھوں میں کپکپاہٹ مزید بڑھ گئی
انہوں نے کہا کہ سابق صدر کا شوگر لیول بھی خطرناک حد تک اوپر نیچے ہورہا ہے، شوگر لیول کنٹرول نہ ہونا ان کی زندگی کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔
پیپلزپارٹی کے سینیٹر کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے جیل میں مناسب بستر نہ ملنے سے پیدا ہونے والے مسائل کا بھی ذکر کیا ہے، آرتھوبیرنگ نہ ملنے سے آصف علی زرداری کی کمر کا مرض شدت اختیار کرگیا ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ قانون ہر شخص اور قیدی کے علاج و معالجے کی ضمانت دیتا ہے، آصف زرداری کے علاج کا مطالبہ کوئی رعایت نہیں قانونی حق ہے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس میں بہتری آرہی ہے تاہم ہاتھوں میں رعشے کے باعث کپکپاہٹ میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔