مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کی تحصیل میں کلاؤڈ برسٹ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

مظفرآباد کی تحصیل پٹیکا کے قریب نالے میں طغیانی آنے سے ایک گھر ریلے کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر پٹیکا نے بتایا کہ لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ادھر رتی گلی نالے میں پھنسے 50 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید 60 کے قریب سیاحوں کی ریسکیو کے لیے ٹیمیں روانہ ہیں۔

ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ رتی گلی روڈ تین مقامات پر بند ہے، جسے موسم صاف ہونے پر کلیئر کیا جائے گا۔ نالہ لوات اور باڑیاں سیری نالے میں طغیانی سے دو رابطہ پل بہہ گئے اور شاہراہ نیلم بند ہو گئی، جسے بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

کوٹلی، بھمبر اور گردونواح میں مسلسل بارش سے ندی نالوں اور دریائے پونچھ میں طغیانی آ گئی، کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا اور گلپور ڈیم بھر گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں سے بجلی کا نظام متاثر ہونے پر محکمہ تعلیم نے آج اور کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گاؤں ہمالیائی میں بھی کلاؤڈ برسٹ سے شدید تباہی ہوئی، جس میں 52 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی اور 200 سے زائد لاپتا ہو گئے۔

آبی ریلوں نے درجنوں گھر، خیمے اور دکانیں بہا دی ہیں، جبکہ گاؤں مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری کی ہے۔