کراچی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے دوران پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیدیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا سنا سکیں گے، پولنگ اسٹیشن کے قریب لائوڈ اسپیکر کے استعمال اور شور شرابے پر پابندی ہوگی۔
سید ندیم حیدر نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے شخص کو پریزائڈنگ افسر 3 ماہ تک قید کی سزا سناسکتا ہے، بیلٹ پیپر چھیننے، خراب کرنے یا لے جانے والے کو 6 ماہ قید سمیت 20 ہزار روپے نقد جرمانے کی سزا دے جاسکتی ہے۔
اسی طرح پریزائڈنگ افسران ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے والے شخص کو 6 ماہ قید کی سزا دے سکتے ہیں جب کہ سیاسی جماعتوں کو پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر سے باہر کیمپ لگانے کی اجازت ہوگی۔
پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون کا استعمال ممنوع ہوگا، پولنگ ایجنٹس بھی فون استعمال نہیں کرسکیں گے، پریذائیڈنگ افسران کے علاوہ کسی کو موبائل فون کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔