اسپیکر قومی اسمبلی کو راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے مراسلہ ارسال

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو راجہ ریاض کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے مراسلہ بھجوا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو راجہ ریاض کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے مراسلہ ارسال کردیا گیا۔

مراسلہ ایڈووکیٹ اظہرصدیق کی جانب سے بھجوایا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق 30 دنوں کے اندر فیصلہ سنایا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا بہت اہم کردار ہے، الیکشن کمیشن ممبران بھی اپوزیشن لیڈر نے لگانے ہیں،مراسلہ

ایڈووکیٹ اظہرصدیق نے الزام لگایا کہ اپوزیشن لیڈرکا نیب تعیناتی میں بھی اہم کردارہے، اپوزیشن لیڈراپنا رول ادا نہیں کر رہے حکومت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

مراسلے میں کہا ہے کہ اسپیکر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق راجہ ریاض کی تعیناتی پر فیصلہ بھی کرے، درخواست پر ہائی کورٹ نے 30 دن میں الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے 3 اگست کو قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہاٸی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں کہا کہ راجہ ریاض کو پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر اپوزیشن لیڈر تعینات کیاگیا، اراکین کےاستعفے منظور نہ ہونے پر پی ٹی آئی کا اکثریتی جماعت کا اسٹیٹس موجود ہے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ راجہ ریاض کو حکومت اور موجود اپوزیشن کی ملی بھگت سے اپوزیشن لیڈر بنایا گیا، راجہ ریاض کی اہوزیشن لیڈر تعیناتی قوانین اور قواعد کے برعکس کی گئی۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ربڑ سٹیمپ اپوزیشن لیڈر کامقصد نیب، الیکشن کمیشن کی من پسند تعیناتیاں ہیں، استدعا ہے کہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کےعہدے سے ہٹانے کے احکامات صادر کرے۔