قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 190 ملین پاؤنڈ اسیکنڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں کل طلب کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو کل بروز ہفتہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔ نوٹس کے مطابق نیب نے آج بھی سابق وزیر اعظم کو طلب کر رکھا تھا مگر وہ پیش نہ ہوئے۔
نیب نوٹس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی آج نیب کے سامنے پیش ہونے میں ناکام رہے، ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت دے کر شامل تفتیش ہونے کا کہا تھا۔
ادھر اسلام آباد پولیس نے بھی انہیں کل دوبارہ طلب کر لیا۔ سابق وزیر اعظم کو مختلف مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کیلیے نوٹس جاری کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو تھانہ ترنول، تھانہ کراچی کمپنی اور تھانہ کوہسار کے مقدمات میں طلب کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کو کل شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آج بھی طلب کیا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے۔