اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے انٹیلی جنس ونگ نے کارروائی کر کے جعلی ڈائریکٹر جنرل کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر قومی احتساب بیورو کے انٹیلی جنس ونگ نے کارروائی کر کے شہریوں کو لوٹنے والے نوسرباز کو گرفتار کیا۔
ترجمان نیب کے مطابق حراست میں لیے جانے والے شخص کی شناخت محمد ندیم کے نام سے ہوئی جو پنجاب کے ضلع بہاولپور کا رہائشی اور خود کو قومی احتساب بیورو کا ڈائریکٹر جنرل ظاہر کرکے شہریوں سے رقم بٹورتا تھا۔ نیب کے انٹیلی جنس ونگ نے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
مزید پڑھیں: نیب کے نام سے جعلی فون کالز کا ڈرامہ بے نقاب، وضاحت جاری
قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نیب کا اینٹی کرپشن یونٹ حکمت عملی پر سختی سے عمل پیرا ہے، 27ماہ کے دوران عوام کو لوٹنے والے 9 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا جو خود کو نیب کا افسر ظاہر کرتے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ترجمان نے ایک اعلامیے کے ذریعے بتایا تھا کہ ’رضوان نامی شخص خود کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا ذاتی سیکریٹری ظاہر کر کے ملزمان سےبات کرتا ہے‘۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ رضوان نامی شخص سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے، وہ جعلی فون کالز کر کے قومی احتساب بیورو کو بدنام کر ریا ہے‘۔