اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے کی منظوری دے دی، تنخواہیں قومی احتساب بیورو ملازمین کے مساوی کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات نیب کے برابر کرنے کا معاملہ پر ایکشن لیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے تنخواہیں اور مراعات بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نیب قوانین میں ترمیم کے بعد ایف آئی اے کا کام بڑھ گیا ہے، ایف آئی اے کرپشن ،منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم کی تحقیقات کررہا ہے۔
دستاویز کے مطابق ایف آئی اے اکنامک، ہیومن ٹریفکنگ و دیگرآرگنائزڈ کرائم کی تحقیقات کرتا ہے، ایف آئی اے کو بڑے فنانشل اسکیم کی تحقیقات بھی سونپ دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ امیگریشن ونگ کو60 فیصد اسپیشل الاؤنس دینے کی بھی منظوری دے دی گئی، ایف آئی اے ملازمین کیلئے بنیادی تنخواہ کے ساتھ 20 فیصد الاؤنس اور25 فیصد یوٹیلیٹی بل الاؤنس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بنیادی تنخواہ کے ساتھ60 فیصد تحقیقاتی الاؤنس کی منظوری اور آرگنائزڈ کرائم کیخلاف کام کیلئے50 فیصد الاؤنس اور ایف آئی اے کیلئے2.6 بلین روپے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔