کراچی: سابق صدر نیشنل بینک علی رضا سمیت 8 ملزمان کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کر دیا گیا، احتساب عدالت نے ریفرنس سماعت کے لیے منظور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک کے سابق صدر علی رضا کے خلاف نیشنل بینک بنگلا دیش میں 18 ارب روپے خورد برد کیس کے بعد ایک اور ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔
علی رضا سمیت 8 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے، عدالت نے ملزمان کو گرفتار کر کے 30 مئی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان پر سی بی اے سوفٹ وئیر پروجیکٹ میں کرپشن کا الزام ہے، جس کمپنی کو سافٹ وئیر کا ٹھیکا ملا اس نے مقررہ مدت میں کام مکمل نہیں کیا، تاخیر سے منصوبے کی لاگت میں مزید اضافہ ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نیب نے علی جہانگیر صدیقی کے معاف یا ری اسٹرکچرڈ قرضوں کا ریکارڈ طلب کر لیا
قومی احتساب بیورو کے ریفرنس کے مطابق ملزمان نے قومی خزانے کو 3 ارب 98 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ ستمبر 2017 میں سابق صدر نیشنل بینک سید علی رضا کو قومی احتساب ادارے (نیب) نے نیشنل بینک کی بنگلا دیش میں واقع شاخ میں 18 ارب روپے کی خرد برد کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔