کراچی: آغا سراج درانی کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، کاروباری شخصیت گلزار احمد کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے کاروباری شخصیت گلزار احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، گلزار احمد کا نام آغا سراج سے تفتیش کے دوران سامنے آیا تھا۔
[bs-quote quote=”کاروباری شخصیت کے اکاؤنٹ سے آغا سراج کی بیٹی کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہوئی تھی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]
ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب نے گلزار احمد کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی، گلزار احمد مٹھائی کے معروف برانڈ کے مالک ہیں۔
ذرایع نے مزید بتایا کہ کاروباری شخصیت کے اکاؤنٹ سے آغا سراج کی بیٹی کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ نیب ٹیم نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کیس کی انکوائری کو ریفرنس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جب کہ آغا سراج کے ظاہر اثاثوں کے علاوہ بھی 50 کروڑ سے زائد خفیہ اثاثوں کا سراغ مل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آغاسراج کے50 کڑور سے زائد خفیہ اثاثوں کا سراغ مل گیا، انکوائری کوریفرنس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
ذرایع کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے نیب ٹیم نے 9 مرتبہ آغا سراج سے سوالات پوچھے، آغا سراج درانی سے 150 سے زائد سوالات کیے گئے، گھر سے ملنے والی دستاویزات بھی انھیں دکھائی گئیں۔
نیب ذرایع کے مطابق اثاثوں میں ظاہرنہ کی جانے والی 19 جائیدادوں سے متعلق پوچھا گیا، اہلیہ، بیٹی اور بہو کے نام 11 کروڑ کی جائیداد سے متعلق بھی سوالات کیے جب کہ شکار پور، کراچی، سکھر میں جائیداد پر ٹیکس نہ دینے کا بھی سوال کیا گیا۔