نیب نے رانا ثنا اللہ کو 3 فروری کو طلب کر لیا

لاہور: سابق وزیر قانون پنجاب اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کو نیب نے اثاثہ جات کیس میں 3 فروری کو طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو نیب نے اثاثہ جات کیس میں 3 فروری کو طلب کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما کو زمینوں اور فارم ہاؤس کی دستاویزات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سابق وزیر قانون پنجاب اور مسلم لیگ ن کے رہنما راناثنا اللہ کو 3 فروری کو صبح11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نیب کے سامنے پیش

اس سے قبل گزشتہ ماہ 2 جنوری کو سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوئے تھے۔ نیب نے رانا ثنااللہ سے 14 سوالات کے جوابا ت مانگے تھے۔

نیب میں پیشی سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھ پر ایک الزام پہلے بھی لگایا گیا، مگر ثابت نہیں ہوا، اب ایک اور کیس میں طلبی کی گئی، کچھ ثابت نہیں ہوگا۔

سابق صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں بھی کچھ ثابت نہیں ہوگا۔