سکھر : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی آمد سے قبل نیب سکھر کی ٹیم نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سمیت ان کے بیگم اور بچوں کے کمروں کی تلاشی لی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی آمد سے پہلے نیب ٹیم تلاشی کیلئے پی پی رہنما خورشید شاہ کے گھر پہنچی ، سول مجسٹریٹ کی موجودگی میں نیب کی 15رکنی ٹیم کی تلاشی لی ، نیب کےہمراہ پاک پی ڈبلیو ڈی انجینئرزکی ٹیم بھی موجود تھی۔
نیب ٹیم اور انجینئرز نے خور شید شاہ کے گھر اور کمروں کی پیمائش کرتے ہوئے گھر کا رقبہ اور کمروں کا رقبہ بھی معلوم کیا گھر میں موجود تمام چیزوں کی جانچ پرتال بھی کی۔
اس موقع پر خور شید شاہ کے بیٹے ایم پی اے سندھ اسمبلی فرخ شاہ اور خور شید شاہ کے بھتیجے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ بھی نیب ٹیم کی تلاشی کے دوران گھر میں موجود تھے، ٹیم تقریبا آدھے گھنٹے تک خور شید شاہ کے گھر میں موجود رہی۔
مزید پڑھیں : آمدن سے زائداثاثہ جات کیس : خورشیدشاہ 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کےحوالے
تلاشی کے بعد نیب ٹیم کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کےگھر سےکوئی چیز برآمد نہیں ہوئی ، گھر سے کسی بھی قسم کی کوئی چیز نیب ٹیم نے نہیں اٹھائی، روانگی سے پہلے حلف نامے پرخورشیدشاہ کےبیٹےاوراپنے دستخط کیے ،حلف نامے پر مجسٹریٹ نےبھی دستخط کرکے ایم پی اےفرخ شاہ کے حوالے کیا۔
دستخط کے بعد پوری نیب ٹیم خورشید شاہ کے گھر سے روانہ ہو گئی۔
یاد رہے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب راولپنڈی اور سکھر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پی پی رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا، وہ یکم اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔