نیب نے علیم خان کی دبئی میں مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا

لاہور : نیب لاہور نے علیم خان کی دبئی میں مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا، نیب کا کہنا ہے دو ہزار چھ سے دو ہزار سترہ تک ایک درجن سے زائد جائیدادوں کی خرید و فروخت کی، دبئی میں دو کروڑ اسی لاکھ درہم کی جائیدادوں کا کاروبار کیا جبکہ لاہور کے موضع کلاس میں بھی ایک اور جائیداد ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کو علیم خان کی دبئی میں مزید جائیدادوں کا سراغ مل گیا ، نیب کا کہنا ہے کہ علیم خان نے جائیدادوں کی تفصیلات اثاثوں میں ظاہر نہیں کی، 2006 سے 2017 تک ایک درجن سے زائد جائیدادوں کی خریدوفروخت کی، جائیدادوں کی خریدوفروخت اثاثوں میں ظاہر نہیں کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علیم خان اور خاندان کے نام پرلاہور کے موضع کلاس میں ایک اور جائیداد ملی جبکہ انھوں نے ایمنسٹی سکیم میں جائیداد پر ایک کروڑ 40 لاکھ کا فائدہ اٹھایا۔

نیب کا مزید کہنا ہے کہ دبئی میں 2 کروڑ 80 لاکھ درہم کی جائیدادوں کا کاروبار کیا اور بیشتر جائیدادوں کو اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔

نیب رپورٹ میں علیم خان کےایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانےکی رپورٹ میں تاریخ نہیں بتائی گئی۔

مزید پڑھیں : احتساب عدالت نےعلیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع کردی

یاد رہے علیم خان کو آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے علیم خان کے جسمانی ریمانڈمیں پانچ مارچ تک توسیع کردی۔

نیب وکیل نے موقف اختیار کیا کہ علیم خان نےعوامی عہدے رکھتے ہوئے ملک اور بیرون ملک اثاثہ بنائے، اصل قیمت اور ذرائع چھپا رہے ہیں ،آف شور کمپنیوں پر جواب نہیں آیا اور دوران تفتیش علیم خان اور ان کے خاندان کی زمین کاانکشاف ہوا، مزید تحقیقات کے لئے ریمانڈ چاہیئے، علیم خان کے وکیل نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔

واضح رہے نیب نے علیم خان کو آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کےکیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔