نوازشریف کی وطن واپسی ، پی پی رہنما نے بڑا دعویٰ کردیا

نبیل گبول

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف وطن واپس نہیں آئیں گے، کیونکہ نوازشریف کوخدشہ ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے تو ان کے لئے کیسز کا سامنا کرنا کٹھن ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما نبیل گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘اعتراض ہے’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جوابھی نہیں ہورہےاس کی اہم وجہ نوازشریف کی واپسی ہے، نوازشریف کی واپسی کاجس دن اعلان ہوگااسی دن الیکشن شیڈول بھی آجائے گا۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو خدشہ ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے تو ان کیلئے کیسز کا سامنا کرنا کٹھن ہوگا، میری اطلاعات ہیں کہ نواز شریف پاکستان واپس نہیں آرہے، نواز شریف کو جب تصدیق ہوگی کہ الیکشن ہونے جارہے ہیں تب آئیں گے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی وزیراعظم رہے ہیں اندر کی ساری اطلاعات دی ہوں گی ، شہبازشریف نے نواز شریف کو بتایا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں کیا ہونے جا رہا ہے، یہ بھی بتایا ہوگا کہ 16 ماہ میں کیا ہوا تھا۔

انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول دیناالیکشن کمیشن کاکام ہےلیکن وہ یہ کام نہیں کررہا، بلاول بھٹونےکہاالیکشن کمیشن کم ازکم الیکشن شیڈول کااعلان توکرے، الیکشن کمیشن نےتاریخ نہیں دی توچندماہ کیاچندسال بھی الیکشن نہیں ہونگے۔

آرمی چیف سے متعلق نبیل گبول نے کہا کہ آرمی چیف ملک کے لیے جو اقدامات کر رہے ہیں بہت اچھی بات ہے لیکن الیکشن کمیشن کو بھی کہا جائے کہ الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا جائے، الیکشن شیڈول کااعلان ہوجائے گا تو ڈالر بھی نیچے آئے گا۔

رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ پاکستان کوبناناریپبلک نہیں بناناچاہتے،آئین کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے،الیکشن میں جتنی بھی تاخیرہوگی ملکی مسائل بڑھتے جائیں گے۔

احتساب کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ احتساب کی باتیں ہو رہی ہیں احتساب ہوتے ہوئے نظر بھی آنا چاہیے، کسی شخص پرالزامات ہیں تو شواہدکی بنیاد پر بے شک چھاپے ماریں، اسٹاپ لسٹ سے کیا ہوتا ہے، احتساب کرنا ہے تو ای سی ایل پر نام ڈالیں۔