رافیل نڈال نے میچ کے ساتھ مداحوں کے دل بھی جیت لیے

سڈنی: آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں رافیل نڈال نے میچ کے ساتھ مداحوں کے دل بھی جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے میچ کے دوران بال گرل کو گیند لگنے کے بعد اس کے پاس جاکر اس کی خیریت دریافت کی اور اسے پیار کیا اور میچ کے ساتھ مداحوں کے دل بھی جیت لیے۔

رافیل نڈال نے ارجنٹینا کے فیڈریکو ڈیلبونس کو 6-3، 7-6 اور 6-1 سے باآسانی شکست دی لیکن میچ کے دوسرے راؤنڈ میں ان کی ہٹ بال اٹھانے والی لڑکی کو جالگی جس کے بعد نڈال بچی کے پاس گئے اس کی خیریت دریافت کی اور اسے پیار کرکے گلے بھی لگایا۔

نڈال کے حریف کھلاڑی ڈیلبونس بھی لڑکی کے پاس گئے جو ان دونوں کے ردعمل کو دیکھ کر حیران رہ گئی۔

رافیل نڈال نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش ہوں کہ وہ اچھی ہے، اچھا لگا کہ لڑکی بہت بہادر ہے، میں گیند لگنے پر بہت خوفزدہ تھا، گیند اس پر تیز اور سیدھی جاکر لگی تھی۔