شوبز انڈسٹری کی سپر ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین بھی بجلی کا بل دیکھ کر حیران ہوگئیں۔
سپر ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کو بھی بجلی کم استعمال کرنے کے باوجود بھاری بھرکم بل موصول ہوا ہے جس کی تفصیلات انہوں نے حالیہ پوڈ کاسٹ میں بتائیں۔
ماڈل نادیہ حسین کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں یونٹس کم استعمال ہونے کے باوجود بجلی کا بل بہت زیادہ آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں نادیہ حسین حکومت کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ’میرے گھر میں جنوری، فروری یا مارچ میں 2500 یونٹس استعمال ہوتے تھے اور بجلی کا بل 1 لاکھ 20 ہزار آتا تھا، اب جبکہ اس ماہ 2012 یونٹس استعمال ہوئے لیکن بجلی کا بل 1 لاکھ 70 ہزار آیا ہے‘۔
انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’شدید گرمی میں 500 یونٹس کم استعمال کرنے ہر بھی میرے گھر میں پونے دو لاکھ بجلی کا بل آیا ہے‘۔
اداکارہ نے حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ 500 یونٹس کم استعمال کرنے پر بجلی کے بل میں 50 ہزار روپے کا اضافہ کیسے ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ بجلی کے بڑھتے بلوں سے عام عوام بھی پریشان ہیں جبکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کرسکی ہے۔