نادرا صارفین کو سہولت فراہم کرنے کیلئے عدالت کا بڑا حکم

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے نادرا حکام کو وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی فیس وصولی کی مشروط اجازت دیدی گئی۔

نادرا کی جانب سے وراثت کے سرٹیفکیٹ کے اجرا کی فیس وصولی سے متعلق درخواست جمع کرائی گئی تھی، ڈی جی نادرا لیگل نے سندھ ہائیکورٹ میں حلف نامہ جمع کرایا، ڈی جی نادرا لیگل نے بتایا کہ نادرا وراثتی سرٹیفکیٹ مسترد کیے جانے پر مکمل فیس وصول نہیں کرے گا۔

ڈی جی نادرا لیگل کا کہنا تھا کہ وراثتی سرٹیفکیٹ فیس اسٹرکچر کا ازسرِنو جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنائی جائےگی، کمیٹی کی تشکیل اور سفارشات تک 1 سے 2 ہزار روپے فیس وصول کی جائیگی۔

عدالت نے کہا کہ وراثت کیلئے قانونی ورثا نادرا سمیت مختلف اداروں سے رجوع کرتے ہیں، نادرا کی کمیٹی 10 لاکھ روپے مالیت کی وراثت پر پینل فیس نہ عائد کرے۔

سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ تک کی وراثت کیلئے 2 ہزار روپے سے زائد فیس وصول نہ کی جائے، 10 لاکھ سے زائد کی وراثت پر مختلف کیٹیگریز بنائی جاسکتی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ ایک لاکھ روپے تک کی وراثت پر فیس صرف ایک ہزار روپے وصول کی جائے، کمیٹی کی تشکیل اور سفارشات کا عمل دو ماہ میں مکمل کیا جائے۔