نادرا سے ڈیٹا لیک ہونے کے واقعے کی تحقیقات مکمل

نادرا سے ڈیٹا لیک ہونے کے واقعے کی تحقیقات مکمل

اسلام آباد: مارچ 2023 میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے ڈیٹا لیک ہونے کے واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لاپرواہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف محکمہ جاتی اور انضباطی کارروائیاں شروع کر دی گئی۔

مارچ 2023 کے سائبر واقعے کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی بنائی گئی تھی۔ نادرا نے 30 اکتوبر 2023 کو جے آئی ٹی کیلیے حکومت سے درخواست کی تھی۔

ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی گئی تھی جس کی جانب سے رپورٹ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو پیش کی گئی۔

نگراں وزیر اعظم نے نادرا کو رپورٹ کے نتائج اور سفارشات کے مطابق اقدامات کی ہدایت کر دی۔ تجویز اقدامات میں ٹیکنالوجی اپ گریڈز کے ساتھ انضباطی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں تعمیلی اقدامات شروع کر دیے گئے جو نادرا کو خدمات کو بہتر طریقے سے فراہم کرنے کے قابل بنائیں گے اور ڈیٹا بیس کی معیاری سکیورٹی کو یقینی بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔