حکومت مسئلہ کشمیر کے معاملے پرایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوئی، نعیم الحق

نعیم الحق

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پوری دنیا مذمت کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے معاملے پر ایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوئی، پاکستانی قوم کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

نعیم الحق نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم پر پوری دنیا بھارت کی مذمت کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا ہے کہ ہماری اس خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اور پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا۔

نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور بھارت کو پیشگی متنبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھول کا شکار نہ ہو۔

مقبوضہ کشمیرمیں 29ویں روز بھی کرفیو

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 29ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔