نگراں وزیراعظم بیوروکریٹ ہوگا یا سیاست دان؟ فیصلے کی گھڑی قریب آگئی

نگراں وزیراعظم

اسلام آباد :نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان آج متوقع ہے، نگراں وزیراعظم کی دوڑ میں ایک بیوروکریٹ سرفہرست ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتحادی حکومت کا آج آخری دن ہے ،وزیراعظم شہبازشریف قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری صدرڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اوراپوزیشن لیڈر راجہ ریاض آج نگراں وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر مشاورت کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کی دوڑمیں ایک بیوروکریٹ سرفہرست ہے جبکہ حفیظ شیخ کو بھی اہم عہدہ ملنے کا امکان ہے۔

دونوں رہنما 3،3 نام لے کر بیٹھیں گے ، 3 دن میں اتفاق نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا، جو اسپیکرقومی اسمبلی قائم کریں گے۔

پارلیمانی کمیٹی کےپاس نگراں وزیراعظم کےتقررکےلیےتین دن ہوں گے، اگر پارلیمانی کمیٹی بھی فیصلہ نہ کرپائی تومعاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائےگا، جو دو دن میں وزیراعظم کا تقررکرے گا۔

قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے آٹھ دن میں نگراں وزیراعظم کا عمل مکمل کرنا ہوگا تاہم نگراں وزیراعظم کےتقررتک شہباز شریف ہی وزیراعظم ہوں گے۔

خیال رہے گذشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلئے 3 نام فائنل کر لئے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے کل وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کروں گا جس میں اپوزیشن کے فائنل کیے گئے نام پیش کروں گا۔