خیبر پختونخواہ کی نگراں کابینہ کے لئے وزراء کے نام فائنل، ارکان آج اپنے عہدوں کا حلف لیں گے

خیبر پختونخواہ نگراں کابینہ

پشاور : خیبر پختونخواہ کی نگراں کابینہ کے لئے وزراکے نام فائنل کرلئے گئے، 10 ارکان آج اپنے عہدوں کا حلف لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے نئے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈارشد حسین شاہ نےذمہ داریاں سنبھال لیں اورنگراں کابینہ کے لئے وزراکے نام فائنل کرلئے گئے۔۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں کابینہ کی اکثریت سابق اراکین پر ہی مشتمل ہے، سابق وزرا کے قلمدانوں میں بھی ردوبدل نہیں کیاجائے گا تاہم نگراں کابینہ میں دو نئے وزرا بھی لئے جائیں گے۔

نگراں کابینہ کے 10 ارکان آج اپنے عہدوں کا حلف لیں گے ، نگراں وزرا میں مسعود احمد شاہ اور فیروز جمال کاکاخیل شامل ہیں جبکہ جسٹس (ر) ارشاد قیصر اور احمد رسول بنگش بھی آج نگران وزیر کا حلف لیں گے۔

آصف رفیق اور نجیب اللہ مروت کو بھی دوبارہ کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ امیر ندیم درانی اور انجینئر احمد جان بھی نگران کابینہ کا حصہ ہیں۔

محمد قاسم جان اور سید عامر عبداللہ بھی نگران وزیر کا حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی ، جس میں گورنر غلام علی وزرا سے ان کے عہدوں کا حلف لیں گے۔