جنگ و جدل پر مبنی ’نپولین‘ کا ایک اور ٹریلر ریلیز کردیا گیا

ہالی وڈ فلم ’نپولین‘ جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے اس کا ایک اور دھماکے دار ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔

آسٹریا، پرشیا اور دیگر فوجوں کے خلاف اہم جنگیں جیتنے والے فرانسیسی مشہور بادشاہ نپولین بوناپارٹ کی زندگی پر ہالی وڈ کی جانب سے بنائی جانے والی فلم کا دوسرا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے، جس نے فلم بینوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔

فلم میں جنگجو بادشاہ نپولین کا کردار آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جوکن فینکس ادا کررہے ہیں جبکہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض رڈلی اسکاٹ نے انجام دیے ہیں۔

فلم ’نپولین‘ شائقین کو اس دورا میں لے جائے گی جب پیرس میں شاہی باغیوں کو شکست دینے والے فرانسیسی انقلابی فوجیوں کی نپولین نے کمانڈ کی تھی۔ فلم میں نپولین کی زندگی کے مختلف ادوار دکھائے گئے ہیں۔

ٹریلر کا آغاز ایک سخت منظر سے ہوتا ہے جس میں نپولین دشمن فوج کے قریب آتے ہی گولہ باری کرواتا ہے، گولہ باری سے برف ٹوٹتی ہے اور دشمن فوج سمندر برد ہوجاتی ہے۔

فلم کو دلچسپ بنانے کے لیے اس میں نپولین اور ان کی اہلیہ ملکہ جوزفین کے تعلق کی بھی منظرکشی کی گئی ہے۔

اس حوالے سے فرانس کے ایک ادارے ’فاؤنڈیشن فار دا میموری آف سلیوری‘ سے منسلک مورخ پروفیسر میلک گھاشم کہتے ہیں کہ ‘نپولین ایک عملیت پسند فوجی تھے۔‘