نسیم شاہ کو فین نے ’’چاچا‘‘ پکارا، پھر کیا ہوا؟ دلچسپ ویڈیو دیکھیں

پاکستان کے فاسٹ بولر کو پنڈی اسٹیڈیم میں ایک فین نے چاچو کہہ کر پکارا تو پھر کیا ہوا یہ جاننے کے لیے آپ کو دلچسپ ویڈیو دیکھنا ہوگی۔

قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں فاسٹ بولر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پرستاروں سے ملاقات کرتے دکھایا گیا ہے اسی دوران ایک فین نے نسیم شاہ کو چاچو کہہ کر پکارا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نسیم شاہ اسٹیڈیم میں اپنے پرستاروں سے ملاقات کر رہے ہیں جن میں مرد و خواتین سمیت بچوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ شائقین اپنے پسندیدہ بولر کو اپنے درمیان دیکھ پر پرجوش ہیں اور ان سے آٹوگراف لے رہے ہیں جب کہ ان یادگار لمحات کو موبائل فون کیمرے میں محفوظ کرنے کے لیے سیلفی لینے اور ویڈیو بنانے میں مصروف ہیں۔

اسی دوران ایک کم عمر فین نسیم شاہ کو چاچا کہہ کر مخاطب کرتا اور ان سے آٹو گراف مانگتا ہے جس پر فاسٹ بولر بچے کو ہنستے ہوئے ٹوکتے ہیں کہ میں چاچا نہیں ہوں بلکہ حسنین چاچا ہیں. میں تو ابھی لڑکا ہوں. جب کہ حسنین بھی ان کے قریب ہی موجود ہوتے ہیں۔

اس خوشگوار تنبیہہ کے بعد نسیم شاہ بچے کو آٹو گراف دیتے ہیں ساتھ ہی پوچھتے ہیں کہ کیا اب دوبارہ چاچا کہو گے؟ بولر کے اس سوال پر بچہ کھسیانا ہو جاتا ہے اور انکار کر دیتا ہے۔

ویڈیو میں نسیم شاہ کے علاوہ حارث رؤف اور دیگر قومی کھلاڑی بھی فینز سے ملاقات کرتے دکھائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز شروع ہو رہی ہے جس کے لیے دونوں ٹیمیں پنڈی میں موجود ہیں۔