نسیم شاہ کی کرکٹ میدان میں واپسی، وسیم اکرم نے کیا کہا؟

نسیم شاہ کے کاندھے کی انجری سے صحت یاب ہونے پر کئی ماہ بعد کرکٹ میں واپسی پر سابق کپتان وسیم اکرم نے ان کی کارکردگی کر سراہا ہے۔

نسیم شاہ کاندھے کی انجری کے باعث کئی ماہ تک کرکٹ سے دور رہنے کے بعد گزشتہ روز پی ایس ایل 9 کے افتتاحی میچ میں ایکشن میں دکھائی دیے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اپنے چار اوور کے کوٹے میں 36 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

طویل عرصے بعد کرکٹ کے میدان میں واپسی اور ان کی پرفارمنس سے متعلق اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ نسیم شاہ کاندھے کی انجری سے صحتیاب ہو کر آ رہا ہے اور یہ انجری سنگین نوعیت کی انجری ہوتی ہے جس میں ہر وقت دوبارہ انجری ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اس کی بولنگ میں وہ گرپ اور ردھم نظر نہیں آیا جو اس کی بولنگ کا خاصا ہوتا ہے لیکن وہ بڑی انجری سے واپس آیا ہے اور پہلے ہی میچ میں 36 رنز دے کر ایک وکٹ لی ہے جو ایک اچھا اسٹارٹ ہے۔

سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ نسیم شاہ کے لیے گزشتہ روز کا میچ پریکٹس میچ تھا کیونکہ اسے میچ پریکٹس نہیں ملی جب  کہ اتنی بڑی انجری کے بعد بولر کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ لمبی کرکٹ کھیلیے لیکن ابھی صرف ٹی ٹوئنٹی ہی دستیاب ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کو اپنا اعتماد اور ردھم حاصل کرنے میں کچھ وقت لگے گا اور امید ہے کہ وہ چار پانچ میچز میں اپنے پرانے ردھم کے ساتھ بولنگ کرانے لگے گا۔