بابر اعظم کو مسلسل آؤٹ آف فارم ہونے پر انگلینڈ کے خلاف اگلے دو ٹیسٹ میچز سے ڈراپ کر دیا جس پر ایک اور سابق کرکٹر بول پڑے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر جو ان دنوں پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی کمنٹری کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے موجودہ دور میں پاکستان کرکٹ کے سب سے کامیاب اور باصلاحیت بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم کو اگلے دو ٹیسٹ میچوں سے ڈراپ کیے جانے پر پی سی بی پر تنقید کی ہے۔
سابق انگلش کپتان نے کہا کہ سیریز کا ایک میچ برا ہوا اور آپ نے طے کر لیا کہ بابر کو آرام دینا ہے۔ بابر اعظم کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ہے وہ اس سے بہتر رویے کے مستحق تھے۔ اگر انہیں آرام ہی دینا تھا تو یہ فیصلہ یا تو سیریز سے پہلے کیا جاتا، یا پھر سیریز مکمل ہونے کے بعد۔
ناصر حسین نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ چند سال میں کرکٹ بورڈ کے کئی سربراہان بدل چکے۔ 27 سلیکٹرز اور کئی کپتان بھی تبدیل کیے گئے۔ اتنی تبدیلیوں کے ساتھ کوئی بھی ادارہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں عدم تسلسل ایسا ہے کہ یہ نہیں معلوم آگے کیا ہونا ہے۔ جب اتنی تبدیلیاں ہوں تو آپ طویل پلان نہیں کر پاتے اور شارٹ ٹرم پلاننگ ہی کرتے ہیں۔
ناصر حسین نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی یا نسیم شاہ کا نہیں، مسئلہ پاکستان کرکٹ کو جس انداز سے چلایا جا رہا ہے، وہ ہے۔ اکثر اوقات پاکستان کرکٹ اپنے پیر پر خود ہی کلہاڑی مارتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق انگلش کپتان مائیکل وان بھی بابر اعظم کو یوں ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر اس کو پی سی بی کا احمقانہ فیصلہ قرار دے چکے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/michael-vaughan-on-babar-azam-drop-team/