سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے خود تقسیم ہوگئے:‌ ناصر حسین شاہ

حیدرآباد: صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے خود تقسیم ہوگئے.

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ناصر شاہ نے حیدر آباد میں‌ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا.

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اب ’منتشر قومی موومنٹ‘ ہوگئی ہے، وزیر اعظم سندھ صوبےکی تقسیم کےحوالےسے وضاحت کرچکے ہیں.

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر ہمیشہ فرینڈلی اپوزیشن کا الزام لگایا گیا، ہم ایسی اپوزیشن نہیں کرتے، جس سےجمہوریت کونقصان پہنچے.

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے معیشت تباہی کے دہانے پرآپہنچی ہے، کوئی جمہوریت کو ڈی ریل کرے گا، تو ہم اس کے خلاف ہیں.

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر کراچی کے لئے جس پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا، اس پرعمل کیاجائے.

خیال رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے متعدد بار نئی صوبے اور انتظامی یونٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے. البتہ وزیر اعظم نے اپنے آخری دورہ کراچی میں واضح کیا تھا کہ نئے  بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں نئے صوبوں کی ضرورت نہیں رہے گی.