بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 25 جنوری سے شروع ٹیسٹ سیریز سے انگلش کھلاڑی ہیری بروک اور دو میچوں سے کوہلی کے دستبرداری پر ناصر حسین کا موقف سامنے آ گیا۔
بھارت ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہا ہے جس کا آغاز 25 جنوری سے ہو رہا ہے تاہم انگلش کھلاڑی ہیری بروک پوری سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں تو بھارت کے سپر اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے ابتدائی دو میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کے یوں سیریز اور میچز سے دستبرداری پر کرکٹ کے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے تاہم سابق انگلش کپتان ناصر حسین کا موقف بھی اس حوالے سے سامنے آ گیا ہے۔
ناصر حسین نے ویرات کوہلی اور ہیری بروک کے سیریز اور میچز سے دستبرداری پر کہا کہ دونوں کرکٹرز ذاتی وجوہات کی بنا پر میچ چھوڑ رہے ہیں، کھیل میں ہر کسی کو اس کا احترام کرنا چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے ان کرکٹرز کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
غیر ملکی جریدے ڈیلی میل کے لیے اپنے کالم میں ناصر حسین نے لکھا کہ کچھ چیزیں کرکٹ سے زیادہ اہم ہوتی ہے۔ بروک کی طرح کوہلی نے بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر ابتدائی میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہمیں ان کے اس فیصلے کا احترام کرنا چاہیے، تاہم ویرات بڑے کھلاڑی اور اس وقت بھرپور فارم میں ہیں اس لیے بھارت کو میچوں میں ان کی کمی محسوس ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوہلی جیسے معیار کا کھلاڑی اگر میچ نہ کھیلے تو اس ٹیم کو اس کا نقصان ہوتا ہے جب کہ میرا خیال ہے کہ ویرات کے ابتدائی دو میچز نہ کھیلنا انگلش ٹیم کے لیے امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کوہلی نے حالیہ دورہ جنوبی افریقہ میں مشکل حالات میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے خسارے میں جانے والی بھارتی ٹیم کو سیریز برابر کرنے میں اہم کردار ادا کیا جب کہ ان کا انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ ریکارڈ بھی اچھا ہے۔ انہوں نے انگلش ٹیم کے خلاف 28 ٹیسٹ میچوں میں 40 کی اوسط سے 1991 رنز بنا رکھے ہیں۔