لاہور : پی سی بی نے قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو بھی معطل کردیا، ناصر جمشید کیخلاف اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی.
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر کھیل کے تینوں فارمیٹ سے معطل کر دیا ہے، ناصر جمشید تاحکم ثانی کسی بھی ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے.
دوسری جانب پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر جمشید کیخلاف یہ کارروائی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے اور ان کو تمام طرز کی کرکٹ سے معطل کیا گیا ہے.
PCB has provisionally suspended Nasir Jamshed from all forms of cricket for violating its anti-corruption code @TheRealPCB
— Najam Sethi (@najamsethi) February 13, 2017
اس سے قبل پی ایس ایل کی اسلام آباد ٹیم میں شامل دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو بھی کرپشن کے الزامات کے تحت پی ایس سے برطرف کر کے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔
یہ اطلاعات گردش میں تھیں کہ ناصر جمشید نے الزامات کی زد میں آنے والے دونوں کھلاڑیوں کے بکیز کے ساتھ رابطوں میں کردار ادا کیا تھا.
مذکورہ اوپنر نے 4 مارچ 2015 کو کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں آخری بار ملک کی نمائندگی کی تھی۔