ناصر سعید کھوسہ کا نگراں وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے انکار

اسلام آباد : ناصرسعید کھوسہ نے نگراں وزیراعلیٰ بننے سے معذرت کرلی ، ناصرسعید کھوسہ کا نام پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے پیش کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان مین کہا ہے کہ ناصر کھوسہ صاحب کی قابلیت اصول پسندی اور دیانت داری مسلمہ ہے، بحیثیت بیوروکریٹ ناصر کھوسہ کا کردار قابل فخر ہے، ناصر کھوسہ سے ہم نے رابطہ کیا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کاعہدہ قبول کریں، انھوں نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور معذرت کی ہے۔

گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے نگراں حکومت کیلئے تین نام گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو بھجوائے تھے۔

جس میں احمد نواز سکھیرا، ناصر محمود کھوسہ ، محمد نصیر خان کے نام شامل ہیں۔