نویں کلاس میں فیل ہوگئی تھی، نتاشا علی

نتاشا علی

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نتاشا علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ نویں جماعت میں فیل ہوگئی تھیں۔

اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں‘ میں اداکارہ نتاشا علی نے شرکت کی اور میزبان کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

نتاشا علی نے بتایا کہ میں نے گریجوکیشن کیا ہے لیکن جب میٹرک میں تھی تو ڈرامہ سیریل جاڑے کا چاند، اور مس فٹ میں اداکاری کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب نویں جماعت میں تھی تو امتحان سر پر تھے مجھے میٹرک میں پروموٹ ہونا تھا لیکن فیل ہوگئی تھی کیونکہ ان دنوں دو ڈرامے ایک ساتھ کررہی تھی۔

میزبان نے کہا کہ 14، 15 سال کی عمر میں اداکاری کرنے کی کیا جلدی تھی؟

نتاشا علی نے کہا کہ بس مجھے بہت شوق تھا کہ اداکارہ بنوں اور یہ شوق عظمیٰ گیلانی، فریال گوہر، شگفتہ اعجاز کے ڈرامے دیکھ کر ہوا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ ایک سال فیل ہوئی لیکن پڑھائی جاری رکھی اور پھر گریجوکیشن مکمل کیا۔

نتاشا علی نے کہا کہ 2009 میں کراچی شفٹ ہوئی تھی اس سے قبل لاہور میں ہی اداکاری کررہی تھی۔

واضح رہے کہ نتاشا علی اگست 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، کورونا کے دوران اداکارہ نے سادگی سے شادی کی تھی۔