کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، وزیر داخلہ سندھ

نتاشا: کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، ضیا لنجار

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے واضح کیا ہے کہ کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کارساز ٹریفک حادثہ کیس پر میرٹ کے مطابق کارروائی ہوئی ہے، کیس میں بقیہ چیزیں کورٹ میں جائیں گی۔

ضیا لنجار نے کہا کہ پولیس کی طرف سے کیس میں کوئی بدنیتی نہیں ہوگی، نتاشا کیس میں پولیس کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی، ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ آگئی ہے اس مطابق چالان پیش ہوگا۔

اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ڈاکو ڈاکو ہوتے ہیں چاہے شہر کے ہوں یا کچے کے، کچے میں ڈاکوؤں کی پناہ گاہیں ہیں جن کے خلاف منظم کارروائی جا رہی ہے، جب عہدے کا چارج لیا تھا تو شکارپور میں 27 مغوی تھے لیکن اب صرف ایک رہ گیا ہے۔

کراچی کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جہاں جہاں پانی کم ہو رہا ہے وہاں کارروائی شروع کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کارساز روڈ پر نتاشا کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ واقعے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

ملزمہ نتاشا اس وقت مقدمے میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔ ملزمہ کے خلاف میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر امتناع منشیات ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ

پچھلے دنوں اے آر وائی نیوز ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر لایا تھا۔ رپورٹ ڈائریکٹر لیبارٹریز اینڈ کیمیکل ایگزامنر گورنمنٹ آف سندھ نے جاری کی تھی جس میں ملزمہ نتاشا کے نشے میں ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

میڈیکل رپورٹ میں لکھا تھا کہ یورین رپورٹ میں واضح طور پر میتھافیٹامائن آئس نشے کا پتا چلا ہے۔ ملزمہ نتاشا کے میڈیکل ایگزامینیشن کیلیے خون اور پیشاب کے سیمپلز دیے گئے تھے۔

پولیس نے کارساز حادثہ میں ملوث ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد 2 سے 3 دن کیلیے سیل کر دی تھی۔ ملزمہ کے خلاف 18 اگست کو مقدمے کا اندراج کیا گیا تھا جبکہ میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ان کے خلاف دوسرا مقدمہ درج کر لیا گیا۔