قومی اسمبلی 13 اگست تک تحلیل ہو جائے گی، اعظم نذیر تارڑ

پُرتشدد انتہا پسندی روک تھام بل پی ٹی آئی دورِ حکومت میں تیار کیا گیا، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ 13 اگست تک قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی تاہم سیاسی صورتحال پر قبل ازوقت اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

نجی نیوز چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی تاحیات نااہلی ختم ہوگئی، وہ اور استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیرترین الیکشن میں حصہ لینے کیلیے اہل ہو چکے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج کے قانون کے بعد کوئی شخص تاحیات نااہل نہیں رہ سکتا، کسی بھی شخص کی نااہلی 5 سال کیلیے ہوگی، آئین میں کہیں بھی نااہلی 5 سال سے زیادہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کسی کو لگ رہا ہے کہ وہ ان ترامیم کا بینفشری ہے تو کل کوئی اور ہوگا، قانون بنانا اور اس میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا آئینی اختیار ہے، پارلیمنٹ کے علاوہ کوئی دوسرا یہ اختیار استعمال نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں کوئی فیصلہ مشاورت کے بغیر نہیں ہوتا، نیب ترامیم کی تجویز وفاقی کابینہ سے پہلے اتحادی قائدین کے سامنے رکھی گئیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے کے بعد نگراں سیٹ اپ آ جائے گا، سیاسی صورتحال پر اسمبلی پہلے تحلیل ہوتی ہے تو کچھ کہا نہیں جا سکتا۔