قومی ہاکی ٹیم کا بھارت پہنچنے پر شاندار استقبال

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے قومی ٹیم بھارت پہنچ گئی ہے جہاں ان کا روایتی انداز میں شاندار استقبال کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے قومی ٹیم بھارت پہنچ گئی ہے۔ قومی ہاکی ٹیم عمر بھٹہ کی قیادت میں براستہ واہگہ بارڈر بھارت پہنچی جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز کا ڈھول کی تھاپ پر پُر تپاک استقبال کیا گیا۔

چنئی پہنچنے پر ہاکی ٹیم اور آفیشلز کا روایتی ڈھول اور مقامی ثقافتی ڈانس کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ انہیں ہار پہنائے گئے اور شال کے تحائف دیے گئے جب کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھارتی عہدیداران کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

ایشین چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 3 اگست (جمعرات) سے ہوگا جو 12 اگست تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز افتتاحی میچ میں ملائیشیا کے خلاف آغاز کرے گا۔ روایتی حریف بھارت سے مقابلہ بدھ 9 اگست کو شیڈول ہے۔