ٹی ٹوئنٹی کا قومی چیمپئن کراچی یا ایبٹ آباد؟ فیصلہ آج ہوگا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آج کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد کے درمیان کھیلا جائے گا میچ اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھایا جائے گا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن مرحلہ آ گیا ہے چیمپئن کون ہوگا فیصلہ آج ہوگا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد کی ٹیمیں ٹرافی اٹھانے کا عزم لیے میدان میں اتریں گی۔

آج کے میچ میں جہاں بیٹرز چوکوں چھکوں کی برسات کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے وہیں بولرز بھی بلے بازوں کی وکٹیں اڑانے کے لیے ہر حربہ آزمائیں گے۔ سنسنی خیز لمحات سے بھرپور یہ بڑا مقابلہ اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سپر ایٹ مرحلے کی نا قابل شکست ٹیم پشاور کو شکست ہوئی تھی اور ایبٹ آباد نے سات وکٹوں سے فتح سمیٹی تھی۔ میچ کے ہیرو فخر زمان تھے جنہوں نے 79 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔

دوسرے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس نے پنڈی کو چار وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے ٹکٹ کٹوائی تھی اور 178 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کر لیا تھا۔ اعظم خان نے برق رفتار 38 رنز کی اننگ کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔