لاہور: سابق وزیر اعظم اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا کہنا ہے کہ برائی دیکھ کر بھی بات کرتے ہیں تو یہ غیبت ہوتی ہے۔
پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں غیبت کے سخت خلاف ہوں، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے غیبت کرنا ایسا ہے جیسے مرے ہوئے بھائی کا گوشت کھانا، بہتان تراشی کرنا تو اس سے بھی بڑا گناہ ہے کیونکہ جھوٹ کی تو کوئی معافی نہیں۔
نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وعدہ کریں زندگی میں کبھی غیبت نہیں کریں گے، کسی کی برائی کسی کے سامنے بیان نہیں کریں گے یہ چغلی ہے، ہم ایک دوسرے سے یہ باتیں سیکھ کر عمل کریں تو اسی میں سب کی خیر ہے۔
قائد (ن) لیگ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آیا تو ڈالر کو پر لگ گئے اور اڑنے لگا، سلیکٹڈ بندے کو چار ووٹوں کی برتری سے وزیر اعظم بنوایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بیانات آن ریکارڈ ہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز جیل سے باہر نہیں آنے چاہیے ورنہ دو سال کی محنت ضائع ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کون سی دو سال کی محنت تھی ہمیں پتا لگنا چاہیے، انہوں نے قوم کو بدتمیزی کا کلچر سکھایا، لوگ عمرے پر گئے تو مسجد نبوی ﷺ میں بدتمیزی کروائی گئی، افسوسناک تاریخ ہے اللہ کرے ہم اس سے سبق سیکھیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میاں فاروق ہماری پارٹی کا انمول ہیرا ہیں، انہوں نے پارٹی کو ایسے سمجھا جیسے ان کی اپنی پارٹی ہو، وہ کبھی پیچھے نہیں ہٹے گھبرائے نہیں پارٹی کا ساتھ دیا۔