ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس، درخواست دائر کرنے کا عدالتی وقت ختم

ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس، درخواست دائر کرنے کا عدالتی وقت ختم ہوگیا

اسلام ۤباد: ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی جانب سے آج درخواست دائر کرنے کا عدالتی وقت ختم ہوگیا۔

ایڈووکیٹ امجد پرویز نے سزا کے خلاف اپیل کی بحالی کی درخواست پیر کو دائر کرنے کی تصدیق کر دی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اپیلیں بحالی کی درخواست 23 اکتوبر کو دائر ہوگی۔ نواز شریف درخواست میں دونوں اپیلیں بحال کرنے کی استدعا کریں گے۔

دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو وطن واپسی پر ائیرپورٹ پر گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے 24 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی تھی۔ نواز شریف کے وکلا امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ جبکہ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود، افضل قریشی اور نعیم سنگھیڑا عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

وکیل امجد پرویز نے شرجیل میمن کے کیس کا حوالہ دیا تھا جس پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ کا کیا مؤقف ہے؟ اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ٹرائل کورٹ میں اشتہاری تھے اس میں بھی وارنٹ معطل ہوگئے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس وہ آرڈر ہیں؟ جس پر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آرڈر ہو گیا ہے وکلا ابھی احتساب عدالت سے آ رہے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نعیم سنگھیڑا نے نواز شریف کے حق میں دلائل دیے۔ چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا نیب کا مؤقف تبدیل تو نہیں ہوا تو نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نہیں نیب کو مؤقف وہی ہے ، ہائی کورٹ نے آرڈر میں لکھا تھا کہ اپیل کنندہ واپس آئے تو اپیل بحال کروا سکتا ہے۔