8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے نواز شریف، مریم، بلاول سمیت اہم سیاسی شخصیات نے اپنے فارم جمع کرا دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں ہونے والے 8 فروری کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے اور امیدواروں کی جانب سے اپنے فارم جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار متعلقہ دفاتر میں شام ساڑھے 4 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں جس کے بعد کل امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے این اے 130 لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیا۔ انہوں نے دو حلقوں سے گزشتہ روز بھی فارم جمع کرائے تھے۔ ن لیگی رہنما بلال یاسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف دو حلقوں مانسہرہ ور لاہور سے الیکشن لڑیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 اور شہدادکوٹ سے این اے 196 جب کہ لاہور سے حلقہ این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
ملتان سے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، ان کے بیٹے ذین قریشی اور بیٹی مہر بانو قریشی نے اپنے وکلا ٹیم کے ہمراہ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 150، این اے 151 اور پی پی 2018 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ ذین قریشی نے پی پی 219 سے بھی نامینیشن فارم جمع کرایا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر چوہدری پرویز الہٰی نے گجرات سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 64 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 سے، ان کے صاحبزادے مونس الٰہی نے این اے 64 کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 32 اور 34 سے کاغذات جمع کرائے ہیں اس کے علاوہ سمیرا الٰہی نے پی پی 34 اور پی پی 32 اور قیصرہ الہٰی نے این اے 64 اور پی پی 32 سے نامینیشن فارم جمع کرائے ہیں۔
آئی پی پی کے سربراہ جہانگیر ترین تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے این اے 155 لودھراں، پی پی 227 اور این اے 149 ملتان سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
ان کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ 249 سے نامینیشن فارم جمع کرائے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے این اے 122 سے کاغذات جمع کرائے۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے نارووال سے این اے 76 اور پی پی 54 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جیک آباد سے پی پی رہنما اعجاز جکھرانی نے جیکب آباد سے پی ایس 3 اور جے یو آئی کے شفیق احمد کھوسو نے پی ایس 2 پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ مریم نواز نے سرگودھا سے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 80 سے بھی کاغذات جمع کرا دیے ہیں۔
آئی پی پی کی جانب سے ڈاکٹر امجد نے این اے 47، سردار محمد تعظیم خان نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے این اے 47، ق لیگ کے چوہدری شافع حسین نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ 31 اور 32 سے کاغذات جمع کرا دیے ہیں۔
امیدواروں کی جانب سے نامزدگی فارم جمع کرانے کا سلسلہ شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ چار روز سے جاری کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مرحلے میں گزشتہ روز تک جن سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ان میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ، راجا ریاض، بشیر میمن، خواجہ آصف، یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ، خورشید شاہ، چوہدری نثار علی خان سمیت دیگر شامل تھے۔