بورے والا: سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگر میری حکومت ختم نہ کی ہوتی تو آج ہر گھر خوشحال ہوتا، میں مذاق نہیں کر رہا بلکہ وہ بات کر رہاہ وں جو کرنی چاہیے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بورے والا کے لوگوں سے اتنے سال نہیں ملا میں بڑا اداس ہوگیا تھا، جب میں وزیر اعظم تھا وہ وقت یاد کرو اور آج دیکھو کتنا فرق آگیا ہے، اتنا وقت بدل گیا کہ پرانا وقت یاد آتا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ وقت یاد ہے جب روٹی 4 روپے کی ملتی تھی اور آج 20 روپے کی ہوگئی ہے، ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کر کے بجلی سستی کر دی تھی، اس وقت ماہانہ بجلی کا بل 500 روپے آتا تھا اور آج 20 ہزار آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کیا حال کر دیا، آج چینی، دالیں، آٹا اور سبزیاں مہنگی ہیں، میرے دور میں 10، 10 روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں، وعدہ کرتا ہوں (ن) لیگ آئے گی اور مہنگائی مٹائے گی، روٹی، چینی کی قیمت کم ہوگی اور گیس گھر ملے گی، آج ہمارا جلسہ ہی نوجوانوں کا ہے، مجھے نوجوانوں سے بہت ہمدردی ہے میں آپ سے محبت کرتا ہوں، بڑے افسوس کی بات ہے نوجوانوں کے پاس روزگار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیٹے سے تنخوا لینے پر میری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتا، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑا مارا ہے، آج تو پاکستان سے بے روزگاری ختم ہو جانی تھی، ہم نے آپ کیلیے موٹروے بنائی ہے اپنے ذات کیلیے نہیں، (ن) لیگ کی حکومت آئی تو بورے والا سے موٹروے گزرے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں یوریا 1200 روپے تھی اور آج 5 ہزار روپے ہے، میرے دور میں ٹریکٹر 9 لاکھ روپے کا تھا، آج ٹریکٹر 38 لاکھ روپے کا ہے جو کہ بہت افسوسنک ہے، پاکستان کو مہنگائی اور بے روزگاری پھر سے ختم کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کے حالات اتنے اچھے کر دیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا، حکومت آئی تو ممکن ہے بورے والا میں بہترین ایئرپورٹ بنائیں۔