لندن: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دورِ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر ایک بار پھر تنقید کر دی۔
نواز شریف سے تاجر رہنما حارث عتیق کی لندن میں ملاقات کی۔ اس دوران ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حارث عتیق نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ نواز شریف کے ویژن خوشحال پاکستان سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے گزشتہ دور میں پاکستان خوشحالی کی جانب گامزن تھا، پی ٹی آئی دور میں معیشت کو تباہ و برباد کر دیا گیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں۔
متعلقہ: دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو صحیح ڈگر پر لے کر جائے، نواز شریف
گزشتہ روز رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مظفر شیخ و دیگر نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر مظفر شیخ نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف سے درخواست کی کہ پاکستان واپس آئیں، وہ عید کے آس پاس پاکستان جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) بزنس فورم کے صدر اشتیاق بیگ نے گزشتہ روز نواز شریف سے ملاقات کے بعد بتایا تھا کہ بجٹ اور الیکشنز کے حوالے سے قائد مسلم لیگ (ن) سے گفتگو ہوئی۔
اشتیاق بیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان آئیں گے تو الیکشن میں کامیابی ملے گی، پاکستان کو نواز شریف جیسی کرشماتی شخصیت کی ضرورت ہے۔