نواز شریف کی سزا معطلی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحریری حکم جاری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے میاں شہباز شریف کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی سزا کی معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا، 3 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر نے جاری کیا۔

عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ اعتراضات پر وکیل نے کہا سزا معطلی کے لیے کوئی بھی درخواست دے سکتا ہے، شہباز شریف کی استدعا پر کل درخواست سماعت کے لیے مقرر کی جاتی ہے، چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ پنجاب کل تک جواب جمع کرائیں۔

تازہ ترین:  مریم نواز اسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل

نواز شریف کی صحت کے معاملے پر عدالت نے میڈیکل ٹیم کے ایک ڈاکٹر کو نئی رپورٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم ایس سروسز اسپتال ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، نواز شریف کی بیماری کی نوعیت کے باعث کل کیس پر سماعت ہوگی۔

جج نے فریقین کو ٹیلی فون یا دیگر ذرایع سے عدالتی حکم سے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی اور رجسٹرار کو حکم دیا کہ شہباز شریف کی درخواست پر اعتراضات ختم کر کے سماعت کے لیے مقرر کرے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے متاثرہ فریق ہونے کا فیصلہ جوڈیشل سائیڈ پر کیا جائے گا۔