تھرکوئلہ بجلی منصوبہ کس کا؟ پی پی اور ن لیگ میں تنازع

سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شاید نوازشریف نےحقیقت پرمبنی بیان نہیں دیا، تھر کا کوئلہ 1991 میں دریافت ہوا تھا اگر نوازشریف 50 سال سےسن رہے ہیں تو دوسروں کو بھی بتا دیتے۔

اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے مرادعلی شاہ نے نوازشریف کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ 1993 میں بی بی شہید کی حکومت آئی جس نے تھرکول اتھارٹی بنوائی، 1995 میں 10ہزار 560 میگاواٹ بجلی معاہدوں کےایم اویو ہوئے۔

https://urdu.arynews.tv/nawaz-sharif-addresses-party-workers-in-murree/

انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی تھر کوئلے سے متعلق تقاریر ریکارڈ پر موجود ہیں ان تقاریر میں کہا تھا تھر پورے پاکستان کو روشن کرے گا، بی بی شہیدنےتھرکےکوئلےپر2سال میں کام شروع کرا دیا تھا بدقسمتی سے1996 میں پیپلزپارٹی کی حکومت ختم کردی گئی تھی نوازشریف کی حکومت آئی تو انہوں نے تھر کے کوئلے پر کام نہیں کیا۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کےبعدمشرف کی حکومت آئی انہوں نےبھی کام نہیں کیا مشرف کے بعد آصف زرداری کی حکومت آئی تو پھر تھر پر کام کرایا گیا، 2013 کے بعد نواز حکومت نے 2 سال کیلئے تھر پروجیکٹ کو پیچھے ڈال دیاتھا، دھرنے شروع ہوئے تو نوازشریف نے دوبارہ پی پی سےبات کی۔

مرادعلی شاہ نے واضح کیا کہ تھر کوئلے سے چلنے والے 3 پاور پلانٹس کاافتتاح بلاول بھٹونےکیا تھر کوئلے سے چلنے والے چوتھے پاورپلانٹ کا افتتاح شہبازشریف نےکیا قوم کی خدمت آصف زرداری، بلاول بھٹو اور بی بی شہید نے کی ہے، نوازشریف کو حقیقت پر مبنی گفتگو کرنی چاہیےتھی۔

نواز شریف نے مری میں اپنے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ 11ہزارمیگاواٹ بجلی ہم نے شامل کی،لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، ہم نے بجلی کے کارخانے ڈیڑھ ڈیڑھ سال میں مکمل کئے جو 20،20سال میں ہوتےتھے، 50سال سے سن رہا تھا سندھ میں کوئلے کی کانیں ہیں، جب اس کوئلے کو استعمال نہ کریں تو پھر اس کا کیا فائدہ ، ہمارے دورمیں پہلی بار کوئلے کی کان میں کام شروع ہوا اور بجلی کا کارخانہ لگایا۔

ن لیگی قائد کا کہنا تھا کہ کوئلے کیلئے ڈالر خرچ نہیں ہوتے اس کو جتنا مرضی استعمال کریں ، کوئلے کو استعمال کرکے ہزاروں بلکہ لاکھو میگاواٹ بجلی بناسکتے ہیں، آنےوالی حکومت کو کوئلے پر کام تو شروع کرنا چاہیے تھا۔

انھوں نے کہا کہ عوام سے جھوٹ بولیں اور سبز باغ دکھائےگئے اور پھر توقع کی گئی اللہ معاف کردے، اللہ کسی کا گناہ معاف نہیں کرے گا، کسی سے دھوکہ،جعلسازی کی تو اللہ کیسے معاف کرےگا،سیاست میں جھوٹ نہیں بولناچاہئے شاید ادھر حکومت مل جائے اوپر جا کر کیا ملے گا۔