نواز شریف نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مری طلب کر لیا

نواز شریف نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مری طلب کر لیا

مری : وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دونوں مری پہنچ گئے ہیں، جہاں نواز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس کچھ دیر میں متوقع ہے۔

مری: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مری طلب کر لیا ہے ،جس کے بعد وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب دونوں مری پہنچ گئے ہیں۔

نواز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس کچھ دیر میں متوقع ہے، جس میں بھارتی آبی جارحیت کے سبب پنجاب میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

مزید براں اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ موجودہ چیلنجز کے لیے مناسب حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

اس سے قبل وزیراعظم کی زیرصدارت ایک ہنگامی اجلاس میں دریائے چناب، ستلج اور راوی میں جاری سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو متاثرہ علاقوں میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلابی صورتحال اور بارشوں کی بروقت اطلاع نے قیمتی جانی اور مالی نقصان کو کم کیا ہے، اور اس سلسلے میں پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر مواصلات، وزیر توانائی اور چیئرمین این ایچ اے کو لاہور پہنچ کر عملی تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی صوبے میں سیلابی صورتحال پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مسائل حل کیے جائیں، اور وفاقی حکومت کےپی میں حالیہ سیلاب کے پیش نظر ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔