لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کو آج سروسز اسپتال سے شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جائے گا، نواز شریف کو سروسز اسپتال سے منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سروسز اسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نوازشریف کو گزشتہ روز ڈسچارج کردیا گیا تھا تاہم انہیں شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل نہ کیا جاسکا، انھیں 16 دن بعد ڈسچارج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کو آج شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ شریف میڈیکل کمپلیکس میں نواز شریف کو الگ میڈیکل بورڈ چیک کرے گا۔
ذرائع میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 30 ہزار ہے، آج 11 بجے میڈیکل بورڈ نواز شریف کا طبی معائنہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کے روبکار ملتے ہی نوازشریف کو شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا جائے گا۔
نوازشریف سروسز اسپتال سے ڈسچارج
مریم نواز کے روبکار نہ ملنے پر مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے گزشتہ رات سروسزاسپتال میں قیام کیا۔ ڈیوٹی جج آج مریم نواز کے مچلکے جمع کر کے روبکارجاری کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسرمحمود ایاز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو محدود چہل قدمی اور ورزش سمیت کھانے پینے کے حوالے سے بھی اجازت دے دی۔
پروفیسرمحمود ایاز کا کہنا تھا کہ نواشریف کا بلڈ پریشر کنٹرول ہے، شوگر کنٹرول کر رہے ہیں، دوران علاج نوازشریف کودل کا اٹیک ہوا تھا۔
مریم نواز کا پاسپورٹ اور7 کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے اور 7 کروڑ روپے نقد عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پاسپورٹ اور سات کروڑ کی رقم ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی تھی۔