شوہر سے نہیں بن رہی تو زبردستی وقت نہ گزاریں، نازلی نصر

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نازلی نصر کا کہنا ہے کہ شوہر سے نہیں بن رہی تو زبردستی وقت نہ گزاریں آگے بڑھیں۔

پی ٹی وی کے دور میں ڈرامہ سیریل ’دھواں‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ نازلی نصر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے پوچھا کہ زندگی میں کوئی ایسا لمحہ جہاں آپ کو لگا میں ہمت ہار دوں گی؟

جواب میں اداکارہ نے کہا کہ شادی ہوئی تو شوبز چھوڑا، میری شادی نہیں چل پائی اور میں نے 16 سال گزار دیے، شادی کے چند ماہ بعد ہی سوچ رہی تھی کہ اب اس رشتے کا کیا ہوگا جسے گزرتے ہوئے 16 سال بیت گئے، میں سوچتی تھی کہ اس سے کیسے باہر نکلوں۔

نازلی نصر نے کہا کہ میں آج کل کی بچیوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ جو میں اپنی بچی کو بھی کہتی ہوں کہ اگر آپ کی شوہر سے نہیں بن رہی ہو تو زبردستی اپنا وقت نہ گزاریں، آپ کی زندگی ختم ہوجاتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ آج بھی میری تصویر آجائے تو لوگ کہتے ہیں کہ اچھا پہلے تو یہ اس کی بیوی تھی اب اس سے شادی ہوگئی ہے، میں سوچتی ہوں کہ بچے پڑھیں گے تو انہیں کتنا برا لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ بڑے برے کمنٹس کرتے ہیں اور کیوں کرتے ہیں مجھے اس کا علم نہیں ہے۔