ملتان(20 اگست 2025): ملتان میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پاکستان اور غیر ملکی شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے لوٹنے والے 20 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے 20 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے پاکستانی و غیر ملکی شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے لوٹا ہے۔
ترجمان این سی سی آئی کے مطابق امداد کے نام پر اشتہارات دیکر مستحقین سے ٹیکس وصول کیا گیا، رقوم وصول کرنے کے بعد متاثرین کو بلاک کر دیا جاتا تھا، جعلی شادی بیورو پروفائلز سے غیر ملکیوں سے رقوم بٹوری گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جعلی شوز کے نام پر انعامی رقم کا جھانسہ دے کر فراڈ کیا گیا، جعلی کرنسی ویڈیوز دکھا کر شہریوں کو لوٹا گیا، ان گرفتار ملزمان کا تعلق ملتان، جھنگ، چنیوٹ، فیصل آباد سے ہے، کارروائی کے دوران جعلی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے حاصل پور میں جعلی ایس ایچ او بن کر شہریوں کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم سہیل گل نے فون کال پر خود کو ایس ایچ او تھانہ قائم پور ظاہر کیا۔
پولیس کا کہناہے کہ ملزم نے قصاب کو فون کر کے 2 کلو بکرے کے گوشت کا تقاضا کیا، ملزم پہلے بھی شہریوں کو دھوکا دیتا رہا ہے، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔