فیصل آباد(10 اگست 2025): این سی سی آئی اے نے ہائی ویز اور موٹروے ای ٹکٹنگ سسٹم ہیک کرنیوالا ملزم کو علی پور سےگرفتار کرلیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق ملزم زاہد نے سسٹم کی غیر قانونی رسائی حاصل کرکے مجرمانہ استعمال کیا۔
این سی سی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے حساس ڈیٹا برآمد کرکے پیکا ایکٹ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا۔
اس سے قبل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بتایا تھا کہ اسلام آباد میں ایک غیر قانونی کال سینٹر پر گزشتہ رات کامیاب چھاپہ مارا اور 5 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق اس کال سینٹر میں 60 سے زائد افراد کام کر رہے تھے، جن میں سے 5 غیر ملکی باشندے چھاپے کے دوران گرفتار ہوئے، بیان میں کہا گیا تھا کہ ان گرفتاریوں کے علاوہ این سی سی آئی اے ان افراد کو سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کرنے والوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کرے گی۔
ایک ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایجنسی ایسے تمام غیر قانونی اقدامات کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی جو ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔